فرہنگ
ٹیکنالوجی کے متعلق مزید جانیں
ٹیکنالوجی کے متعلق بات کرتے وقت کئی مختلف الفاظ استعمال کئے جاتے ہيں اور یہ کچھ پریشان کن ہوسکتا ہے۔ آپ کو اپنی زندگی میں شامل ٹیکنالوجی کو سمجھنے کا حق حاصل ہے!
ہم نے آپ کو چند عام ٹیکنالوجی کی اصطلاحات کے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنے کے لیے یہ فہرست تیار کی ہے۔
VPN (ورچول پرائیویٹ نیٹورک)
آپ کی معلومات کے لیے محفوظ سرنگ کی طرح، وی پی این آپ کے لیے زیادہ حفاظت سے پبلک وائی فائی اور دیگر غیرمحفوظ نیٹورکس سے جڑنا ممکن بناتا ہے۔ مثال کے طور پر جب آپ پبلک وائی فائی نیٹورک کا استعمال کرتے ہیں تو نیٹورک پر موجود کوئی دوسرا شخص آپ کے آلے اور ڈیٹا کو دیکھ سکتا ہے۔ وی پی این کچھ ویب براؤزرز کے ذریعے سیٹ اپ کیا جاسکتا ہے، یا ان تک فیس کے عوض ماہانہ سہولیات کے ذریعے رسائی کی جاسکتی ہے۔
آئی پی ایڈریس
آپ کے کمپیوٹر یا نیٹورک کو متعین کردہ نمبروں کی ایک لڑی۔ یہ ڈائنیمک بھی ہوسکتے ہیں، یعنی کہ وہ اکثر تبدیل ہوتے ہیں، یا اسٹیٹک ہوسکتے ہيں، جس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیشہ ایک جیسے ہی رہتے ہيں۔ گھر کے باہر کسی وائی فائی نیٹورک میں شامل ہونے کی صورت میں آپ عام طور پر اس وائی فائی نیٹورک کے لحاظ سے مختلف آئی پی ایڈریس استعمال کرتے ہيں۔
آلہ
فون، ٹیبلیٹ، لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، سمارٹ سپیکر، یا دیگر سمارٹ ہوم پراڈکٹس۔ اس سائٹ پر جب ہم "آلہ” کہتے ہيں تو ہم عام طور پر آپ کے فون، ٹیبلیٹ، یا کمپیوٹر کی بات کر رہے ہوتے ہیں۔
آپریٹنگ سسٹم
فون یا کمپیوٹر جیسے آلے کو چلانے والا سافٹ ویئر۔ اسے باقاعدگی کے ساتھ اپ ڈیٹا کرنا ضروری ہے۔
اجازتیں
ایسے اختیارات جو آپ ایک دفعہ منتخب کرتے ہيں، یا جو آپ کے فون پر پہلے سے سیٹ ہوتے ہیں، جو کسی ایپ کے لیے آپ کے کیمرہ، مائکروفون، فائلز، مقام، وغیرہ تک رسائی کو ممکن بناتے ہيں۔
اسکرین لاک
سیکورٹی کا ایسا فیچر جو آپ کے آلے کو پاس کوڈ، پن، بائیومیٹرک، یا دیگر توثیق کے اندراج تک "لاک” کرتا ہے۔ پرائیویسی کے ماہرین اسکرین لاک استعمال کرنے اور اپنے آلے کو کسی کے ساتھ شیئر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن ابیوز کرنے والے چند افراد آپ سے زبردستی یا ڈرا دھمکا کر حاصل کر سکتے ہيں – اور اس میں آپ کی کوئی غلطی نہيں ہے۔ اپنے فون پر اسکرین لاک سیٹ اپ کرنے کا طریقہ کار سیکھنے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)
انٹرنیٹ یا آپ کے ہوم نیٹورک سے جڑے آلات یا روزمرہ کے اشیاء۔ انہیں بعض دفعہ "سمارٹ” یا "متصل” آلات بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی مثالوں میں سمارٹ سپیکرز (جیسے کہ گوگل ہوم یا ایمزان الیکسا)، ٹیلی وژن، ویڈیو ڈوربیلز، بجلی کے ساکٹس، یہاں تک کہ گاڑیاں، طبی آلات، اور پوری کی پوری عمارتیں شامل ہیں۔ خود کو محفوظ رکھنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارا ہوم ٹیک ٹول استعمال کریں۔
انٹرنیٹ سروس پرووائيڈر (آئی ایس پی)
آپ کے کمپیوٹر یا ہوم نیٹورک کو انٹرنیٹ سے جوڑنے والی کمپنی۔
اپ ڈیٹ، اپ گریڈ
اپ ڈیٹ، اپ گریڈ
تحفظ کے لیے ایک اہم قدم، جس میں آپ کے آپریٹنگ سسٹم، ایپس، اینٹی وائرس اور آپ کے آلات اور اکاؤنٹس کو ہیکنگ سے تحفظ فراہم کرنے والے دیگر سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنا شامل ہیں۔
اکاؤنٹ
آپ کے متعلق مخصوص معلومات۔ مثالوں میں آن لائن بینکنگ، سوشل میڈیا، ای میل اور فون شامل ہیں۔ معلومات میں آپ کا نام، ای میل، فون نمبر، کریڈٹ کارڈ نمبر کے علاوہ آپ کی ماضی کی خریداریاں، تصویریں، پوسٹس، کمینٹس اور مزید شامل ہوسکتے ہيں۔ آپ کسی فیملی اکاؤنٹ کا بھی حصہ ہو سکتے ہيں جہاں آپ کو ایک چھوٹے گروپ کے دیگر ممبران کے متعلق معلومات بھی نظر آسکتی ہے۔
ای میل
ای میل "الیکٹرانک ای میل” کی تخفیف ہے اور اس میں ٹیکسٹ، امیجز، اور دوسری فائلوں کے اٹیچمنٹس شامل ہو سکتے ہيں جی میل یا ہاٹ میل/آؤٹ لککو محفوظ کرنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
ایمبیڈنگ
کسی بھی ویب صفحے پر کسی دوسری جگہ سے مشمولات شامل کرنا۔ جب آپ کسی بلاگ پر کوئی یوٹیوب ویڈیو دیکھتے ہيں، یا کسی کاروباری ویب سائٹ پر کسی کا ٹوئیٹ دیکھتے ہيں، یہ ایمبیڈنگ کی ایک مثال ہوتی ہے۔ ایمبیڈنگ ایچ ٹی ایم ایل کوڈ کے ذریعے کی جاتی ہے، اور زيادہ تر سوشل میڈیا سائٹس پر "ایمبیڈ” کا آپشن موجود ہوتا ہے، جس کے ذریعے آپ کو ضروری کوڈ مل جائے گا۔
اینٹی وائرس
سافٹ وئیر آپ اسے اپنے فون، ٹیبلیٹ، یا لیپ ٹاپ پر انسٹال کر سکتے ہیں۔ اسے بعض دفعہ "اینٹی میل ویئر” بھی کہا جاتا ہے۔”
اینکرپشن
یہ ڈیٹا کی شکل بگاڑنے کا ایک طریقہ ہے، تاکہ اسے صرف ڈيٹا بھیجنے والا شخص اور مطلوبہ وصول کنندہ ہی پڑھ سکیں۔ ایک سرے سے دوسرے سرے تک کی اینکرپشن ڈیٹا بھیجنے والے شخص اور ڈیٹا موصول کرنے والے شخص، مثال کے طور پر آپ، اور ایسا کوئی بھی شخص جسے آپ میسیج بھیجتے ہيں، کے درمیان ڈیٹا کو محفوظ رکھتا ہے۔
ایپ
یہ "ایپلی کیشن” کی تخفیف ہے، یہ آپ کے فون، ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر پر سافٹ ویئر ہے جو معلومات تک فوری رسائی فراہم کر سکتا ہے یا کسی سروس تک آن لائن جڑ سکتا ہے۔ ایپس عام طور پر آپ، آپ کے مقام، اور آپ کی سرگرمیوں کے متعلق معلومات حاصل کرتی ہیں – اس وقت بھی جب ایپ کھلی نہ ہو۔ اس کی چند مثالوں میں ویب براؤزرز، سوشل میڈیا، فوٹو ٹولز، میسیجنگ، اور بینکنگ، موسم، فٹنیس، وغیرہ جیسی سہولیات شامل ہیں۔ ایپس میں لوکیشن شیئرنگ کے متعلق جاننے کے لیے ہمارا رہنما دیکھیں۔
بائیومیٹرک
آپ کی شناخت کے لیے ایسا طریقہ جو منفرد ہو اور آپ کی کسی جسمانی خصوصیت پر مشتمل ہو، جیسے کہ آپ کا چہرہ، انگلی کا نشان، آواز، یا آنکھ۔ انہيں آپ کی معلومات، آلے یا اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا مقصد زیادہ تحفظ فراہم کرنا ہے، لیکن ابیوزر کے ساتھ رہنے کی صورت میں ممکن ہے کہ وہ زیادہ محفوظ اختیارات ثابت نہ ہوں۔ بائیو میٹرکس چہرے کی پہچان میں بھی استعمال کئے جاتے ہيں، جہاں آپ کے چہرے کا ڈیجٹل نقشہ بنا کر تصویروں یا ویڈيو سے میچ کیا جاتا ہے۔
براؤزر
ایک ایسی ایپ یا کمپیوٹر سافٹ ویئر جو ویب سائثس اور انٹرنیٹ پر موجود دوسری معلومات دیکھنا ممکن بناتی ہے۔
بلاک
کسی کو آپ کی معلومات تک رسائی فراہم کرنے سے روکنے کا طریقہ۔ مثال کے طور پر، کسی کو سوشل میڈیا پر بلاک کرنے کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ وہ آپ کی پوسٹس دیکھنے سے قاصر ہیں۔
بلاگ
یہ "ویب لاگ” کی تخفیف ہے، اور اس میں صارف کی پوسٹس، تصویریں، ویڈیوز اور بہت کچھ شامل ہو سکتا ہے۔ مائیکرو بلاگز روایتی بلاگز کا ایک ذیلی سیٹ ہیں جہاں لمبے فارم مشمولات کے بجائے چند جملوں، تصویر، ویڈیو یا لنک پر مشتمل مختصر میسیجیز پوسٹ اور شیئر کئے جاتے ہيں۔
بگز
بگز سافٹ ویئر کوڈ میں غلطیوں یا غیرمطلوبہ حصوں کو کہا جاتا ہے جن کی باعث کوئی ویب سائٹ یا ایپ صحیح سے نہيں چلتی۔
تلاش کریں
انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کرنا۔ گوگل جیسے سرچ انجنز ہر وہ طریقہ سٹور کرتے ہيں جن کے ذریعے لوگ آن لائن معلومات تلاش کرتے ہيں، اور آپ کی اپنی سرچز کو عام طور پر آپ کے انٹرنیٹ کی براؤزر کی ہسٹری میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ آپ کو موصول ہونے والے سرچ کے نتائج یا تجاویز کو آپ کی پروفائل اور سابقہ سرچز کی بنیاد پر ترتیب دیا جائے گا۔ بعض دفعہ آپ کو اپنی سرچز کے حوالے سے اشتہار بھی دکھائے جائيں گے، کیونکہ کمپنیاں اشتہار چلانے والی کمپنیوں کو آپ کے متعلق معلومات فروخت کرتی ہیں۔
توثیقی ایپ
آپ کے اکاؤنٹ پر اضافی سیکورٹی کے لیے ایپ، جسے دو عناصر پر مشتمل توثیق کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
توثیقی کوڈ
يہ تحفظ کا اضافی قدم ہے، جو عام طور پر آپ کے فون یا ای میل ایڈریس پر بھیجے جانے والے ایس ایم ایس ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے بھیجے گئے نمبر کی شکل میں ہوتا ہے، جسے پاس ورڈ کے علاوہ یا پاس ورڈ ری سیٹ کرنے کی درخواست کی صورت میں اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
خفیہ سوال
آپ کے اکاؤنٹ کے تحفظ میں اضافہ کرنے کا پرانا طریقہ، جس میں آپ سے ایسے سوالات پوچھے جاتے ہیں جن کا جواب صرف آپ کو معلوم ہو، مثال کے طور پر آپ کے پہلے پالتو جانور کا نام یا آپ جس جگہ بڑے ہوئے۔ اگر ابیوزر آپ کو اچھے سے جانتے ہوں تو یہ تحفظ کا اچھا طریقہ نہيں ہوتا۔ اس کے علاوہ، بگ ڈیٹا کی بدولت اس میں سے کچھ معلومات آن لائن دستیاب ہوتی ہے۔ ایک طریقہ یہ ہوسکتا ہے کہ غیردرست جوابات دیے جائيں، یا دو قدمی توثیق کا استعمال کیا جائے۔
دو عناصر پر مشتمل توثیق
کسی بھی اکاؤنٹ یا آلے میں اضافی تحفظ شامل کرنے کا طریقہ۔ اس میں عام طور پر آپ کو معلوم شدہ کوئی چیز، جیسے کہ پاس ورڈ، اور آپ کے پاس موجود کوئی چیز، جیسے کہ سمارٹ فون، شامل ہوتے ہیں۔ اسے دو عناصر پر مشتمل توثیق(2FA) یا متعدد فیکٹر پر مشتمل توثیق (MFA) بھی کہا جاتا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا یا ای میل اکاؤنٹس پر دو مرحلے سیٹ اپ کرنے کے متعلق مزید جاننے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
راؤٹر
اتی کمپیوٹرز کو کیبل یا ڈی ایس ایل جیسے انٹرنیٹ سروس پرووائيڈر (ISP) کے ذریعے انٹرنیٹ سے جوڑنے کے لیے استعمال کئے جانے والے آلات۔ آپ کے کمپیوٹر سے کسی کیبل یا آپ کے وائی فائی نیٹورک کے ذریعے جڑنے والا آلہ۔
رسائی کا لاگ
فون، ٹیبلیٹ، یا لیپ ٹاپ جیسے آلات کی فہرست جنہوں نے حال ہی میں کسی اکاؤنٹ میں لاگ ان کیا ہے۔ اس معلومات میں تاریخ، وقت، مقام، آلے کی قسم، آپریٹنگ سسٹم، براؤزر کی قسم، اور آئی پی ایڈریس شامل ہو سکتے ہیں۔ اسے بعض دفعہ "سرگرمی” کی ہسٹری میں بھی محفوظ کیا جاتا ہے۔ اپنے کلاؤڈ اکاؤنٹس یا سوشل میڈیا اکاؤنٹسکے لیے اپنا رسائی کا لاگ دیکھنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
رپورٹ کرنا (مشمولات)
کسی کمپنی کو غیرمناسب یا نقصاندہ پوسٹس، تصویریں، کمینٹس یا دوسرے مشمولات، خاص طور پر سوشل میڈیا یا دیگر آن لائن اکاؤنٹ پر، کے متعلق آگاہ کرنا سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں ابیوز پر مشتمل مشمولات یا اطوار رپورٹ کرنے کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
ریورس امیج سرچ
کسی تصویر یا امیج فائل کے ذریعے دوسرے اکاؤنٹس، نام، یا مقام جیسی ملتی جلتی دوسری معلومات تلاش کرنا۔
سائبر سٹالکنگ
ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ کی سرگرمیوں یا لوکیشن کی نگرانی کرنا، یا آپ کو ہمیشہ خائف محسوس کروانا یا یہ احساس دلانا کہ کوئی آپ پر ہمہ وقت نظر رکھے ہوئے ہے۔ کسی کو سٹاک کرنے کے لیے کئی مختلف اقسام کی ٹیکنالوجی استعمال کی جاسکتی ہے، جس میں فونز، سوشل میڈیا، ای میل، کیمرے، سمارٹ ہوم آلات وغیرہ شامل ہیں۔ سٹاکنگ کی تمام اقسام بہت سنگین ہيں، اور آپ مدد کے لیے کسی سے رابطہ کر سکتے ہيں یا پولیس میں شکایت درج کر سکتے ہیں۔
سافٹ وئیر، ہارڈ ویئر
سافٹ ویئر سے مراد ہدایات کا مجموعہ یا کمپیوٹر کوڈ پر مشتمل پروگرام ہے، جو کسی کمپیوٹر، فون یا ٹیبلیٹ کو بتاتا ہے کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔ اس میں ویب براؤزر، اینٹی وائرس یا سوشل میڈیا جیسی انفرادی ایپس کے علاوہ آپریٹنگ سسٹمز (اینڈرائيڈ یا ونڈوز) جیسا سسٹم سافٹ ویئر اور ہارڈویئر سے رابطہ کرنے والے ڈرائیورز شامل ہيں۔ ہارڈ ویئر کمپیوٹر، ویب کیم، یا پرنٹر جیسے آلات کو کہا جاتا ہے۔
سرور
ویب سائٹس، ایپس، یا انٹرنیٹ کے ذریعے دیگر قابل رسائی ڈیٹا کے لیے معلومات ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کئے جانے والے خصوصی اور بہت بڑے کمپیوٹرز۔ جب آپ اپنے کمپیوٹر یا سمارٹ فون پر براؤزر کے ذریعے کسی ویب سائٹ پر جاتے ہيں تو آپ سرور سے اس کی درخواست کرتے ہيں۔
سرچ انجن
ویب سائٹ یا ایپ جس کے ذریعے آپ انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کرسکتے ہيں
سمارٹ آلات
انٹرنیٹ سے متصل روزمرہ کی چیزیں۔ اسے انٹرنیٹ آف تھنگز بھی کہا جاتا ہے (IoT)۔ خود کو محفوظ رکھنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارا ہوم ٹیک ٹول استعمال کریں۔
سوشل میڈیا
دوسرے افراد کے ساتھ اپ ڈیٹس، تصویریں اور مزید شیئر کرنے والی ایپس اور ویب سائٹس۔ اپنا سوشل میڈیا محفوظ کرنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
سپائی ویئر، سٹاکر ویئر
ایک ایسی ایپ یا سافٹ وئیر جو آپ کے فون یا کمپیوٹر پر کئے جانے والے ہر کام کی خفیہ نگرانی کرنے کے لیے بنایا گيا ہے، جس میں کالیں، کیمرہ کی تصویریں، انٹرنیٹ سرچرز، میسیجز، لوکیشن، وغیرہ شامل ہیں۔ اسے تلاش کرنا اور ہٹانا بہت مشکل ہے، اور نگرانی کرنے والے شخص کو اکثر ایسا کرنے کی کوششیں نظر آجاتی ہیں۔
سپیم
جنک ای میل، کالز، یا میسیجز
سیٹنگز
آپ کی ایپ، اکاؤنٹ یا آلے کے لیے اختیارات۔ آپ اپنی سیٹنگز کو اس طرح ایڈجسٹ کر سکتے ہيں کہ آپ کو زيادہ پرائیویسی، حفاظت، رسائی وغیرہ مل سکیں۔
سیکورٹی فوب
تحفظ کا اضافی فیچر جو چابی سے ملتی جلتی چیز کی شکل میں ہوتا ہے جسے آلے میں لگایا جاتا ہے یا جو کسی سیکورٹی پیڈ سے رابطہ کرے (جیسے کہ کریڈٹ کارڈ یا ٹرانزٹ پاس)۔ اسے دو قدمی توثیق کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
فائر وال
کسی کمپیوٹر نیٹورک کو بیرونی تحفظ کے خطرات سے بچانے والا سافٹ ویئر یا آلہ۔ فائر وال نیٹورک میں داخل ہونے والی اور نیٹورک سے خارج ہونے والی ٹریفک کی نگرانی کرتے ہيں اور حفاظتی معیارات کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہيں کہ کیا ٹریفک کو اجازت دی جائے یا نہيں۔
فرینڈ، ان فرینڈ کرنا
ایسا کوئی شخص جس سے آپ سوشل میڈیا کے ذریعے متصل ہوں، یا سوشل میڈیا پر کسی سے جڑنا (یا رابطہ منقطع کرنا)۔
فیملی شیئر
مختلف اکاؤنٹس کے درمیان مقام یا تصویروں جیسی معلومات شیئر کرنا۔
فیکٹری ری سیٹ
کسی بھی فون یا دوسرے آلے سے معلومات اور سیٹنگز حذف کرنا، تاکہ وہ دوبارہ اپنی اصلی حالت پر واپس آجائے۔ اکاؤنٹ کی سیٹنگز تبدیل کرنے یا نئے اکاؤنٹسس بنانے کے علاوہ یہ بھی آپ کے فون سے نقصاندہ سافٹ ویئر اور سیٹنگز حذف کرنے کا ایک طریقہ ہے۔
لاگ ان
کسی اکاؤنٹ تک رسائی کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی معلومات؛ یہ عام طور پر آپ کے یوزر نیم یا ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ کو کہا جاتا ہے۔ لاگ ان کسی اکاؤنٹ میں داخل ہونے کو کہا جاتا ہے۔
مشمولات
مشمولات میں مضامین، پوسٹس، کمینٹس، تصویریں، ویڈیوز اور سوشل میڈیا، ویب سائٹ یا بلاگ پر شیئر کی جانے والی دوسری معلومات شامل ہیں۔ مشمولات کی ماڈریشن سے مراد مشمولات کا جائزہ لینا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہ کمیونٹی کے قواعد کے مطابق ہیں۔ مشمولات کے کیوریشن سے مراد کسی مخصوص عنوان یا صارف کی دلچسپیوں سے متعلق مشمولات جمع کرنا اور پیش کرنا ہے۔
موڈیم
کسی آلے یا نیٹورک کو انٹرنیٹ سے جوڑنے کے لیے کسی راؤٹر کے ساتھ استعمال کیا جانے والا آلہ۔
میرا فون تلاش کریں
کسی دوسرے آلے سے آپ کے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرکے آپ کے فون کو تلاش کرنے کا طریقہ۔ ایک نقشے پر لوکیشن دیکھنے کے علاوہ، اختیارات میں فون کے ذریعے آوازیں نکلوانا، تمام ڈیٹا کو ریموٹ طور پر صاف کرنا، یا فون پر کسی دوسرے طریقے سے قبضہ کرنا شامل ہو سکتے ہيں۔ اپنے فون پر, یا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس میںاس فیچر کو آف کرنے کے متعلق مزید جاننے کے لیے ہمارے رہنما پڑھیں۔
میل ویئر
نقصاندہ سافٹ ویئر جو کسی دوسرے شخص کو آپ کے اکاؤنٹ، نیٹورک، یا آلے میں گھسنے کا طریقہ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ میل ویئر میں وائرسز اور رینسم ویئر شامل ہیں۔
مینشن
مینشن سے مراد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی شخص یا اکاؤنٹ کو پکارنے کا طریقہ (یعنی ٹوئیٹر پر @yourTwitterhandle یا گوگل پلس +YourName پر)۔ مینشن آپ کی توجہ کھینچنے یا ابیوز کا طریقہ ہو سکتے ہيں۔
میٹا ڈیٹا
دیگر ڈیٹا کے متعلق ڈیٹا۔ مثالوں میں وقت اور تاریخ، لوکیشن، یا کسی بھی فائل، تصویر، ویڈیو یا پوسٹ کے متعلق دیگر معلومات شامل ہیں۔ مثال کے طور پر اس معلومات کے ذریعے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کوئی تصویر کہاں کھینچی گئی تھی، یا اسے ثبوت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نوٹیفیکیشن
ایس ایم ایس ٹیکسٹ میسیج، ای میل، یا "پش” نوٹیفیکیشن کے ذریعے بھیجا جانے والا میسیج جو آپ کے فون یا کمپیوٹر پر دکھایا جائے۔
وائی فائی
آلات کے درمیان یا انٹرنیٹ تک وائرلیس کنیکشن۔ پرائیویسی کے ماہرین پبلک وائی فائی سے بچنے یا ورچول پرائیویٹ نیٹورک (VPN) استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ انٹرنیٹ سے جڑے آلات کو محفوظ رکھنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے ہمارا ہوم ٹیک ٹول استعمال کریں۔
ویب کیم
آپ کے کمپیوٹر، ٹیبلیٹ، یا فون میں شامل یا اس سے جڑا ہوا کیمرہ۔ پرائیویسی کے ماہرین مشورہ دیتے ہيں کہ جب آپ کا ویب کیم استعمال نہ ہو رہا ہو تو اس پر دوبارہ استعمال کرنے کے قابل سٹکر یا دوسرا کور لگایا جائے۔
ٹرول
کوئی ایسا شخص جو جان بوجھ کر کسی کو آن لائن دکھ یا نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
ٹیبلیٹ
ایک ایسا آلہ جو کسی لیپ ٹاپ سے چھوٹا لیکن فون سے بڑا ہوتا ہے، اور جس کی عام طور پر اسکرین بہت بڑی ہوتی ہے۔
پاس ورڈ
پاس ورڈ یا پاس کوڈ آپ کے اکاؤنٹ یا آلے کو محفوظ رکھتا ہے۔ محفوظ پاس ورڈ استعمال کرنا ضروری ہے۔ بہتر یہی ہوگا کہ ‘پاس فقروں’ کا استعمال کیا جائے۔ ان کی لمبائی کم از کم 12 کریکٹرز (حروف، نمبرز، علامات) ہونی چاہیے۔ ایسی کوئی بھی معلومات نہ استعمال کریں جس کا باآسانی اندازہ لگایا جاسکے، جیسے کہ کسی پالتو جانور کا نام یا تاریخ پیدائش۔ ہر اکاؤنٹ کے لیے مختلف پاس ورڈ کا استعمال کریں، اور ان کا انتظام کرنے کے لیے پاس ورڈ مینیجر کا استعمال کریں۔ ماہرین اپنے پاس ورڈز کو کسی کے ساتھ شیئر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن ابیوز کرنے والے چند افراد آپ سے زبردستی یا ڈرا دھمکا کر یہ معلومات حاصل کر سکتے ہيں – اور اس میں آپ کی کوئی غلطی نہيں ہے۔
پاس ورڈ مینیجر
ایسی کوئی سہولت یا ایپ جو آپ کے تمام پاس ورڈز ذخیرہ کرتی ہے اور جو ضرورت پڑنے پر آپ کو انہيں استعمال کرنے دیتی ہے۔ پاس ورڈ مینیجرز آپ کو ایسے مضبوط پاس ورڈز استعمال کرنے میں مدد دیتے ہيں جو ہر سائٹ یا اکاؤنٹ کے لحاظ سے منفرد ہیں۔ پرائیویسی کے ماہرین اپنے براؤزر میں پاس ورڈ ذخیرہ کرنے کا مشورہ نہيں دیتے۔
پروفائل
آپ کے اکاؤنٹ میں آپ کے متعلق ذخیرہ کردہ مخصوص معلومات، جیسے کہ سوشل میڈیا یا آن لائن شاپنگ۔ ایپ یا ویب سائٹ کے لحاظ سے، آپ منتخب کر سکتے ہیں کہ آپ کی پروفائل میں کتنی معلومات موجود ہے اور کون یہ معلومات دیکھ سکتا ہے۔ اپنے کلاؤڈ اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں موجود اپنی پروفائل کی معلومات کی تجدید اور تحفظ کا طریقہ سیکھنے کے لیے ہمارا رہنما پڑھیں۔
ڈاکسنگ
کسی کو دھمکی دینے یا نقصان پہنچاننے کے لیے ان کے فون نمبر یا گھر کے پتے جیسی ذاتی معلومات شیئر کرنا۔ یہ اکثر آن لائن ہراس یا سٹالکنگ میں شمار ہوتا ہے۔ اسے "doxxing” (ڈوکسنگ) بھی کہا جاتا ہے۔
ڈی پلیٹ فارم
جب کوئی کمپنی، خاص طور پر کوئی سوشل میڈیا کمپنی، کسی صارف کو اپنے "پلیٹ فارم” یا آن لائن سپیس سے ہٹائے۔ یہ عام طور پر کمیونٹی کے قواعد کی خلاف ورزی کے باعث ہوتا ہے۔
ڈیٹا
ڈیٹا معلومات کا دوسرا نام ہے۔ بگ ڈیٹا موبائل فونز، ای میل، انٹرنیٹ سرچ، ایپس، اور پبلک ریکارڈز سے وافر مقدار میں حاصل کردہ ڈیٹا کو کہا جاتا ہے۔ کمپنیاں اپنے کاروبار کی پیشگوئی کرنے اور انہيں بہتر بنانے کے لیے ہم سب کے متعلق پیٹرنز کی نشاندہی کے لیے بگ ڈیٹا کا استعمال کرتی ہيں۔
ڈیٹابیس
ایسا سافٹ ویئر جس میں ڈیٹا ذخیرہ کیا جائے اور جس کے ذریعے کسی کمپنی، خیراتی ادارے، یا حکومت کے لیے کسی مخصوص شخص کی متعلق معلومات تلاش کرنا، یا کئی افراد کے متعلق رجحان تلاش کرنا ممکن ہوتا ہے۔
کلاؤڈ
کلاؤڈ سے مراد صرف اور صرف کسی اور کا کمپیوٹر ہے۔ یہ عام طور پر کسی کمپیوٹرز کے بڑے گودام میں ایک بڑے کمپیوٹر کی شکل میں ہوتا ہے۔ ڈیٹا آپ کے فون یا کمپیوٹر پر ذخیرہ نہيں کیا جاتا، بلکہ بذریعہ انٹرنیٹ ایک ڈیٹا کے گودام میں بھیجا جاتا ہے۔ جی میل، آئی کلاؤڈ، فیس بک، اور زیادہ تر ایپس کلاؤڈ کمپیوٹنگ استعمال کرتے ہیں۔
کوکیز
آپ کے فون یا کسی دوسرے آلے پر ڈالے گئے ڈیٹا کے کچھ حصے تاکہ کمپنیاں دوسری سائٹس یا ایپس پر آپ کے انٹرنیٹ کے استعمال پر نظر رکھ سکیں۔ آپ کے لیے کوکیز قبول کرنا ضروری نہيں ہے، اور وہ عام طور پر ویب سائٹ چلنے کے لیے ضروری نہيں ہوتیں۔ پرائیویسی کے ماہرین باقاعدگی کے ساتھ کوکیز حذف کرنے کا مشورہ دیتے ہيں۔
کیشے
کسی ویب سائٹ کے ذخیرہ کردہ حصے، جیسے کہ تصویریں، جن کی وجہ سے مستقبل میں کسی ویب سائٹ کو دوبارہ کھولتے وقت، وہ زیادہ جلدی لوڈ ہوجاتی ہے۔ پرائیویسی کے ماہرین آپ کے کیشے کو مکمل یا نامکمل طور پر صاف کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
گریفر
آن لائن، خاص طور پر آن لائن گیمنگ میں، کسی کو دکھ یا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والا شخص۔
گوگل کرنا
انٹرنیٹ پر، خاص طور پر گوگل پر معلومات تلاش کرنا۔ انٹرنیٹ سرچ انجن بھی ملاحظہ کریں۔
گیمنگ کنسول
ویڈیو یا آن لائن گیمز کھیلنے کے لیے استعمال کیا جانے والا خصوصی آلہ۔
ہیکنگ
کسی بھی اکاؤنٹ، آلے، یا ڈیٹابیس میں ناجائز طریقے سے داخل ہونا۔ اس کام کو ہیکنگ کہا جاتا ہے۔ ایسا کرنے والے شخص کو ہیکر کہا جاسکتا ہے۔ جب کوئی آپ کے اکاؤنٹ میں ناجائز طریقے سے داخل ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوگيا ہے۔
یوزر، یوزر نیم
اکاؤنٹ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم، کمپیوٹر، ڈیٹا بیس یا دیگر سسٹم استعمال کرنے والا کوئی بھی شخص۔ یوزر نیم ایک منفرد نام ہے جو آپ لاگ ان کرتے وقت کسی اکاؤنٹ تک رسائی کرنے کے لیے استعمال کرتے ہيں۔